کاروار:27؍جون(ایس اؤ نیوز)مہاراشٹرا اور دیگر ریاستوں سے کرناٹک میں داخل ہونےو الے سیاحوں اور یہاں سے باہر جانے والوں کےلئے بہت جلد کووڈ کی نگیٹیورپورٹ لازمی قرار دی جائے گی۔
ریاستی ٹرانسپورٹ وزیر لکشمن سودی نے بیلگام میں اعلان کیا ہے کہ بین ریاستی بس مسافروں کو بھی کووڈ نگیٹیو رپورٹ لازمی قرار دینے کے متعلق غور کیا جارہاہے۔ انہوں نےکہاکہ بنگلورو پہنچنے کے بعد ٹرانسپورٹ افسران کے ساتھ گفتگو کرنے کے بعد اس سلسلےمیں سنجیدگی سے اقدام کیاجائے گا۔ متعلقہ میٹنگ کے بعد ہی بین ریاستی مسافروں کو کووڈ نگیٹیو رپورٹ لازمی قرار دیتےہوئے مصدقہ طورپر حکومت کی طرف سے حکم نامہ جاری کیاجائےگا۔ پیر تک یہ سرکلر جاری ہونےکا امکان ہے۔
حکومت کی طرف سے مصدقہ حکم جاری ہونے سے پہلےہی مہاراشٹر ا سے متصل بیلگام کی سرحد کے چیک پوسٹ پر مسافروں کی جانچ کرتے ہوئے نگیٹیو رپورٹ والےمسافروں کو ہی کرناٹک میں داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔ ٹرانسپورٹ وزیر لکشمن سودی کی ہدایات پر بیلگام ضلع کے ڈپٹی کمشنر ایم جی ہیرے مٹھ نے خود سرحد پر واقع چیک پوسٹ پر پہنچ کر انتظامات کا معائنہ کیا۔ بیلگام کے ڈی سی نے بتایا کہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا سے آنے والے مسافرو ں کو آرٹی پی سی آر نگیٹیو رپورٹ لانا لازمی ہوگا۔ جن کےپاس رپورٹ ہوگی انہی مسافروں کو سرحد کے اندر داخل ہونےکا موقع دیا جائے گا۔
چیک پوسٹ پر موجود صحت عامہ کے عملے کو ہدایات دیتےہوئےڈی سی نے کہاکہ مہاراشٹرا سے ریاست کرناٹک کے باشندے آتےہیں تو وہیں چیک پوسٹ پر ہی ان کا سیمپل لےکر آر ٹی پی سی آر جانچ کے لئے بھیج دیا جائےگا۔ اس کے بعد ان کی رپورٹ ان کے گھر کے پتہ پر بھیج دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو آنے والے مقامی عوام و مسافروں کی کووڈ جانچ کے لئے سہولت فراہم کرنے کے لئے چیک پوسٹ کے قریب ہی کووڈ جانچ سنٹر قائم کرکے ،ضروری عملہ کی تقرر ی کا حکم دیا گیا ہے۔
ضلع میں فی الحال کوئی سختی نہیں :لاک ڈاؤن کے بعد بین ریاستی بسوں کی آمد و رفت شروع ہونےکو ہے۔ پیر کو ضلع سے مہاراشٹرا کے لئے بسوں کی شروعات ہوگی۔ فی الحال ضلع سے گوا، مہاراشٹرا یا کسی اور ریاست کو جانے اور وہاں سے آنے والوں کے لئے بس یا ریل میں نگیٹیو رپورٹ کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ مگر گوا کی سرحد پر گوا ہائی کورٹ کے حکم نامے کے تحت کووڈ نگیٹیو رپورٹ ہونےپر ہی داخلہ دیا جارہا ہے۔
ڈی سی ملئی مہلن نے اس سلسلے میں وضاحت کی کہ کووڈ نگیٹیو رپورٹ لازمی قرار دینے کے متعلق حکومت کی طرف سے ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ البتہ ریلوے اسٹیشن پر آنے والےمسافروں کی جانکاری لی جارہی ہے۔ آئندہ دنوں میں اصولوں میں سختی عائد کی جاسکتی ہے۔